الحدیدہ(این این آئی)یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں حکومت اور ایران نواز حوثی باغیوں کے درمیان طے پائے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ گذشتہ روز حوثی جنگجوؤں نے الحدیدہ میں ایک صنعی اور تجارتی مرکز پر گولہ باری کے بعد آٹے کی ملوں اور غلے کے گوداموں پر بھی گولے برسائے جس کے نتیجے میں خوراک کے ڈپوؤں کو غیرمعمولی نقصان پہنچا۔عرب ٹی وی کے مطابق یمنی فوج اور مزاحمتی قوتوں کی
طرف سے جاری بیانات میں کہا گیا ہے کہ حوثی شدت پسندوں نے بحر الاحمر میں آٹے کی ملوں اور ان کے گوداموں پر ھاون راکٹوں سے حملے کیے۔بیان میں کہاگیا ہے کہ حوثیوں کی طرف سے داغے گئے ہاون راکٹوں کے حملوں میں عالمی ادارہ خوراک کے قائم کردہ خوراک کے ڈپوؤں کو نقصان پہنچا ہے۔ خوراک کے یہ گودام 30 لاکھ یمنی باشندوں کو خوراک فراہم کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔قبل ازیں حوثی باغیوں نے اخوان ثابت تجارتی مرکز پر بھی گولہ باری کی اور اسے بھی نقصان پہنچایا گی۔