صنعاء (این این آئی)یمن کے صوبے عمران میں عذر کے قبائل اعلانیہ طور پر حوثی ملیشیا کے خلاف برسر جنگ عوامی مزاحمت کاروں کے ساتھ شامل ہو چکے ہیں۔ قبائل نے حوثیوں کی حرض جانے والی امدادی سپلائی لائن منقطع کر کے باغیوں کی گاڑیاں تباہ کر دیں۔تفصیلات کے مطابق
شام عمران صوبے کے شمال میں واقع محاذ پر مقامی قبائل اور باغی حوثی ملیشیا کے درمیان معرکہ آرائی کا آغاز ہو گیا۔ دوسری جانب یمن کے شمال مغربی صوبے حجہ کے ضلع کشر کے مشرق میں بھی گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔عمران صوبے کی مذکورہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب حوثی ملیشیا نے قفلہ ضلع میں سودہ قبائل پر حملہ کیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ حملہ قبائل کی جانب سے اس مطالبے کے مسترد کیے جانے کے بعد کیا گیا جس میں قبائل سے کہا گیا تھا کہ وہ حجور کے علاقوں تک جانے والی حوثیوں کی کمک گزرنے کے لیے اپنے علاقوں کو کھول دیں۔ حجور میں مقامی قبائل اور حوثیوں کے درمیان معرکہ آرائی جاری ہے۔یمنی میڈیا کے مطابق حوثیوں اور قبائلی عناصر کے درمیان ابھی تک زمینی لڑائی جاری ہے۔ اس دوران حوثیوں کے ہلاک ہونے اور قیدی بنائے جانے کے علاوہ بڑی تعداد میں فرار ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب العبیسہ کے علاقے میں حوثیوں اور حجور قبائل کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہو رہی ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران قبائلیوں نے حوثیوں کو غیر معمولی نقصان پہنچاتے ہوئے پیش قدمی کو یقینی بنایا۔ قبائلیوں نے کشر ضلع کے مشرق میں واقع گاؤں القیم اور اس کے پہاڑوں کا کنٹرول حاصل کر لیا۔ لڑائی میں درجنوں حوثی ہلاک اور زخمی ہوئے جب کہ حجور قبائل کے جنگجوؤں نے 25 سے زیادہ مسلح حوثیوں کو قیدی بنا لیا۔