بغداد(این این آئی)عراق کے صوبہ کردستان میں بمباری کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف شہری ترکی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے صوبے کی دھوک گورنری میں موجود ترک فوج کا ایک کیمپ نذرآتش کردیا۔عرب ٹی وی کے مطابق مقامی طبی ذرائع نے بتایا کہ شمالی عراق میں واقع ترک فوجی کیمپ پرحملے کے دوران ایک احتجاجی ہلاک ہوا ۔ترک فوج کا ایک کیمپ دھوک میں شیلادزی کے مقام پر قائم ہے۔
یہ علاقہ عراق اور ترکی سرحد پر واقع ہے۔مظاہرین نے عراقی فوجی کیمپ کو نذرآتش کرنے کے بعد اس پر قبضے کی تصاویر جاری کی ہیں۔ کیمپ پرحملے کے دوران ترک فوج کی جوابی فائرنگ سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔عراق کے کرد شہریوں کی طرف سے یہ احتجاج ترکی کی علاقے میں کی گئی فضائی کارروائیوں اور ان کے نتیجے میں ہونے والی شہریوں کی ہلاکتوں کے واقعات کے بعد کیا گیا ہے۔