اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نواز شریف کے خلاف ايون فيلڈ ريفرنس فيصلے پر اپيل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر۔نجی ٹی وی کے مطابق چيف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی ميں 5 رکنی بینچ 14 جنوری کو سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس گلزار، جسٹس مشير عالم اور جسٹس مظہر عالم شامل ہیں۔یاد رہے کہ نيب نے نواز شريف کی سزا معطلی کے خلاف سپريم کورٹ سے رجوع کیا تھا،اس سے پہلے سابق وزیراعظم
نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل جلد مقرر کرنے کی درخواست منظور کر لی گئی تھی ۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بینچ نے سابق وزیراعظم کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے مختصر سماعت کے بعد نواز شریف کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے رجسٹرار آفس کو 10 دن میں اپیل سماعت کے لیے مقرر کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔