ریاض(سی پی پی)اقوام متحدہ کی سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 2 دہائیو ں کے دوران سعودی عرب میں لوگوں کا معیار زندگی غیر معمولی طور پر بلند ہوا۔ دنیا کے 189 ممالک میں سعودی عرب کا نمبر 39 ہو گیا۔ عاجل ویب نیوز نے اقوام متحدہ کی جانب سے 2017 میں کئے گئے سروے کے حوالے سے لکھا ہے کہ سعودی عرب نے 1990 سے لیکر 2017 تک تیز رفتار ترقی کی۔
اس عرصے میں لوگوں کا معیار زندگی غیر معمولی طور پر بلند ہوا۔ان برسوں میں سعودی عرب میں رہنے والوں کی فی کس آمدنی کے علاوہ تعلیم ، عمر اور صحت میں بھی بہتری رونما ہو ئی۔ سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ ان برسوں میں مملکت کے شہریوں میں اوسط عمر میں 5 سے 7 برس تک اضافہ ہوا جبکہ مجموعی طور پر صحت کے میدان میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔سروے کے مطابق تعلیم کی شرح میں بھی 16 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ماضی میں یہ شرح10 فیصد تھی۔تعلیمی میدان میں بچوں کی استعداد میں ہی اضافہ نہیں ہوا بلکہ 25 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد میں بھی تعلیمی شعور بڑھا ہے۔ ماضی میں 25 برس سے زائدعمر کے افراد میں تعلیم کی شرح میں 5.7 تھی جبکہ اب یہ 9.5 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ سعودی عرب میں معاشی اعتبار سے بھی گزشتہ 2 دہائیوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔فی کس آمدنی کی شرح 1990 میں سالانہ 43 ہزار 941 ڈالر تھی جبکہ 2017 میں فی کس آمدنی 49 ہزار 680 تک پہنچ چکی ہے۔ سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں لوگوں کی معاشی حالت کے علاوہ شہری آبادی میں اضافہ اور صنعتی ترقی بھی غیر معمولی طور پر دیکھنے میں آئی ہے۔