مقبوضہ مقبوضہ بیت المقدس(انٹرنیشنل ڈیسک)اسرائیل نے شام میں ایران کی فوجی موجودگی کی ایک بار پھر مخالفت کرتے ہوئے شام میں ایران اور اسد رجیم کی تنصیبات پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا کہ ہماری فوج شام میں تعینات ایرانی فورسز کے خلاف بھرپور کارروائی اور حملے جاری رکھے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ شام میں جدید اسلحہ کا حصول روکنے کے لیے اسد رجیم کی تنصیبات پر بھی حملے کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ شام میں ایرانی موجودگی ہمیں خوف
زدہ نہیں کر سکتی اور نہ ہی ہم ایران اور شام کی دھمکیوں کو خاطر میں لائیں گے۔اسرائیل کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سمانے آیا ہے جب دوسری جانب شام اور ایران کے درمیان ایک نیا سمجھوتہ طے پایا ہے جس کے تحت ایران نے شام میں اپنے عسکری مشیروں کو بدستور تعینات رکھنے کا اعلان کیا ہے۔خیال رہے کہ حال ہی میں ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی نے دمشق کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران شام میں تعمیر نو کے لیے ایرانی فوج کی موجودگی کا معاہدہ کیا گیا۔ معاہدے کے تحت ایران شام میں دفاعی انفراسٹرکچر کی تعمیر میں اسد رجیم کی مدد کرے گا۔