صنعاء(انٹرنیشنل ڈیسک)یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے کام کرنے والے عرب ممالک کی افواج پر مشتمل عرب فوجی اتحاد نے الزام عاید کیا ہے کہ ایران نواز حوثی شدت پسند الحدیدہ بندرگاہ پر جہاز رانی میں رخنہ اندازی کررہے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق عرب اتحاد کی طرف سے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حوثیوں کی بندرگاہ میں بد انتظامی کے باعث ماحولیاتی مسائل پیدا ہو رہے ہیں جو امداد پہنچانے میں مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ الحدیدہ بندرگاہ پرجہازوں کی آمد ورفت
میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے نتیجے میں جنگ سے متاثرہ شہریوں تک امدادی کی فراہمی میں تعطل پیدا ہو رہا ہے۔قبل ازیں عرب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے الریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ عرب اتحاد بحر الاحمرمیں بحری جہاز رانی کو تحفظ دلانے کے لیے ہرممکن اقدام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یمن میں فوجی کارروائیوں کا مقصد آئینی حکومت کو بحال کرنا ہے۔ کرنل المالکی نے الزام عاید کیا کہ اقوام متحدہ یمن میں حوثیوں کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کو نذرانداز کررہا ہے۔