برسلز(این این آئی)یورپی کمیشن کے سربراہ ژان کلود ینکر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے نتیجہ خیز ہونے کی کم ہی امید کی جا رہی تھیں۔ لیکن واشنگٹن میں ہونے والی اس ملاقات سے امید کی ایک کرن جاگ اٹھی ۔امریکی ٹی وی کے مطابق ژان کلود ینکر اور ڈونلڈ ٹرمپ کی بات چیت کے بعد امریکا اور یورپی یونین کے مابین صنعتی شعبے میں اضافی محصولات کے تنازعے کے حل کی امید پیدا ہو گئی ۔ صدر ٹرمپ اور ینکر دونوں نے اعلان کیا کہ کئی نکات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ ینکر کے بقول ہمارے مابین ایک
معاہدہ طے پا گیا ہے۔دونوں رہنماؤں نے واضح کیا کہ صنعتی مصنوعات پر اضافی ٹیکس ختم کرنے کی دو طرفہ کوششیں کی جائیں گی۔ یورپی کمیشن کے سربراہ نے اس تناظر میں مزید بتایا کہ جب تک مذاکرات جاری رہیں گے امریکا اور یورپی یونین دونوں کی جانب سے نئے ٹیکس عائد نہیں کیے جائیں گے۔ٹرمپ نے اس موقع کو آزادی تجارت کے حوالے سے اسے ایک بڑا دن اور یورپی یونین سے تعلقات کے تناظر میں اسے ایک نیا دور قرار دیا، یہ دور ہو گا قریبی دوستی کا اور مضبوط تجارتی روابط کا جس سے دونوں کو فائدہ ہو گا۔