دی ہیگ(انٹرنیشنل ڈیسک)اقوام عالم کے حقوق کے تحفظ کے لیے قائم کردہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کے قیام کو بیس برس ہو گئے ۔ انٹرنیشنل کریمینل کورٹ ایسی عالمی عدالت ہے، جو رکن ممالک کے قومی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنے فیصلے سناتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قائم انٹرنیشنل کریمینل کورٹ یا آئی سی سی کی بنیاد یہ سوچ بنی تھی کہ بین الاقوامی سطح پر ایک ایسی خود مختار عدالت ہونی چاہیے، جو اپنے رکن ممالک کے قومی مفادات سے بالا تر ہو کر مختلف تنازعات میں اس بات کو مدنظر
رکھتے ہوئے فیصلے سنائے کہ اقوام عالم کے حقوق کے تحفظ کے تقاضے کیا ہیں۔اس عدالت کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کی سطح پر ہونے والے مذاکرات تین سال تک جاری رہے تھے، جو جولائی 1998 میں اطالوی دارالحکومت روم میں ہونے والے ایک تاریخی اجلاس میں اپنی تکمیل کو پہنچے تھے۔ اس کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ایک فیصلے کے تحت اقوام عالم نے تین روز تک ایک طویل سفارتی بحث میں حصہ لیا تھا، جس کے اختتام پر اس نئی بین الاقوامی تعزیراتی عدالت کے قیام کی تجویز پر رائے شماری ہوئی تھی۔