صنعاء (انٹرنیشنل ڈیسک)یمن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق صعدہ گورنری کے شمالی علاقے علب میں ایران نواز حوثی باغیوں نے سرکاری فوج پر حملے کی کوشش کی تاہم باغیوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا۔ جوابی کارروائی میں کم سے کم پندرہ باغی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔’علب‘ میں یمنی فوج کے 63 بریگیڈ کے سربراہ بریگیڈئر یاسر مجلی نے بتایا کہ حوثی دہشت گردوں نے باقم ڈاریکٹوریٹ میں علب کے نواحی علاقوں التباب اور جبل الشعیر پر حملے
کی کوشش کی مگر فوج نے باغیوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی میں 15 جنگجو ہلاک کر دیئے۔بریگیڈئر مجلی کا کہنا تھا کہ باغیوں کی طرف سے یہ حملہ سرکاری فوج کی طرف سے حالیہ ایام میں صعدہ میں اہم پیش قدمی کے بعد سامنے آیا ہے۔ سرکاری فوج نے باغیوں کے گڑھ صعدہ گورنری میں لڑائی کے دوران باغیوں کے زیر تسلط کئی اہم علاقوں کو چھڑا لیا ہے۔ لڑائی میں باغیوں کو علاقے چھن جانے کے ساتھ ساتھ بھاری جانی اور مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔