تہران(انٹرنیشنل ڈیسک)ایرانی پاسداران انقلاب نے 10سے زائد بلوچ شہری حراست میں لے لیے، گرفتار افراد پر غیر ملکی ذرائع ابلاغ کو بلا اجازت خفیہ معلومات فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے اہلکاروں نے مشرقی صوبہ بلوچستان سے دسیوں افراد کو حراست میں لے لیا جن پر غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ساتھ رابطوں کا الزم عاید کیا گیا ہے۔
ایران سے فارسی میں نشریات پیش کرنے والے فردا ریڈیو کی ویب سائیٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے سوشل میڈیا پر سرگرم اور غیرملکی ذرائع ابلاغ سے رابطوں میں رہنے والے دسیوں بلوچ شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔ ریڈیو رپورٹ کے مطابق یہ گرفتاریاں پاسداران انقلاب کے زیراہتمام انٹیلی جنس یونٹ کی نشاندہی کے تحت عمل میں لائی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق پاسداران انقلاب نے الزام عاید کیا ہے کہ گرفتار افراد حکومت کی اجازت کے بغیر غیرملکی ذرائع ابلاغ کو خبریں مہیا کررہے تھے۔