جدہ(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کے حکام نے وزارت دفاع سے وابستہ ایک سرکاری عہدیدار کو تجارتی کمپنی کو سہولیات کے عوض رشوت وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا، عہدیدار نے اپنے منصب کا غیرقانونی استعمال کیا اور اسے فایدہ اٹھاتے ہوئے دس لاکھ ریال کی رشوت صول کی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے حکام نے وزارت دفاع سے وابستہ ایک سرکاری عہدیدار کو ایک تجارتی کمپنی کو سہولیات کے عوض رشوت وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ سعودی پراسیکیوٹر جنرل سعود بن عبداللہ المعجب کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی حکام کو وزارت دفاع کے ذرائع سے
اطلاع ملی تھی کہ محکمے کا ایک انتظامی عہدیدار ایک تجارتی کمپنی کے ساتھ مشکوک لین دین میں ملوث ہے۔اس حوالے سے خفیہ طورپر تحقیقات کی گئیں تو رشوت وصولی سے متعلق خبریں درست ثابت ہوئیں۔ اس پر متعلقہ عہدیدار کو حراست میں لے کر اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع کے انتظامی عہدیدار نے اپنے منصب کا غیرقانونی استعمال کیا اور اسے فایدہ اٹھاتے ہوئے دس لاکھ ریال کی رشوت صول کی تھی۔تحقیقات کے دوران سعودی عہدیدار نے رشوت لینے کا اعتراف کرنے کے ساتھ اس کیس میں دو مزید افراد کے ملوث ہونے کی بھی نشاندہی کی۔ پولیس نے انہیں بھی حراست میں لے لیا ہے۔