قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک)مصر میں ایک فٹ بال میچ کے دوران مقامی فٹ بالر حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث اچانک اسٹیڈیم میں گر کر انتقال کر گئے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصری نوجوان فٹ بالر محمد فاروق بنزیما کو اس وقت دل میں شدید تکلیف محسوس ہوئی جب وہ جنوبی مصرکی المنیا گورنری میں ایک فٹ بال میچ کھیل رہے تھے۔ دل میں تکلیف کے باعث وہ غش کھاکر زمین پر گر پڑے۔ انہیں اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔مصر کی فٹبال فیڈریشن اور مقامی کلبس
سے ابھرتے ہوئے فٹبالر کی ناگہانی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں ہم سب محمد فاروق کے اہل خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ یہ ہم سب کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔واضح رہے کہ 33 سالہ محمد فاروق مصر میں بنزیما کے لقب سے شہرت رکھتے تھے اور مصری نوجوانوں میں کافی مقبولیت رکھتے ہیں۔ وہ ڈومیسٹک فٹبال میں عمدہ کارکردگی کی وجہ سے جانے سے جاتے تھے۔ انہیں بنزیما الجزائری نژاد فرانسیسی فٹ بالر کریم بنزیما سے مشابہت کی وجہ سے دیا گیا تھا۔