پشاور(این این آئی)ڈپٹی کمشنر پشاورنے ہوٹل دھماکے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی ہوٹل میں دھماکے کی تحقیقات کر کے رپورٹ تین دن کے اندر پیش کرے گی۔ڈی سی ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر محمد مغیث ثنا ء للہ کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اصلاح الدین سمیت سول ڈیفنس آفیسر اور پولیس کا
ایک نما ئندہ بھی شامل ہے۔کمیٹی گزشتہ دنوں ہوٹل میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کر کے تین دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔گزشتہ روزجی ٹی روڈ پر آفندی ہوٹل کی چوتھی منزل میں دھماکہ ہوا تھا جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افرادجاں بحق ہوئے تھے۔ترجمان کے مطابق انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔