کراچی(این این آئی) لیاری میں مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما عقیل رحمانی پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔واضح رہے کہ 10 مئی کو لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں غریب شاہ مزار کے قریب مسلم لیگ (ن) ساؤتھ کے نائب صدر عقیل رحمانی کے دفتر پر گینگ وار ملزمان نے حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں عقیل رحمانی کو 6 گولیاں لگیں جنہیں تشویش ناک حالت میں نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب عقیل رحمانی کے گارڈز کی جوابی فائرنگ سے 2 حملہ آور اسد اور طلحہ زخمی ہوگئے تھے۔
عقیل رحمانی کے دفتر پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور اسد اور طلحہ کو موٹرسائیکل پر سوار ہو کر آتے دیکھا گیا ویڈیو کے مطابق ملزمان دفتر میں داخل ہوئے اور کچھ دیر انتظار کرنے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کردی ٗ عقیل رحمانی کے گارڈز کی فائرنگ سے دونوں ملزمان زخمی ہوگئے۔زخمی ملزم طلحہ جائے واردات سے فرار نہ ہوسکا اور اسے گرفتار کرلیا گیا، ملزم اسد کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں اکیلے بائیک پر بیٹھ کر فرار ہوتے دیکھا گیا جسے بعد میں ہسپتال سے گرفتار کیا گیا۔