ماسکو(این این آئی)روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہاہے کہ شام کو ایس 300 طرز کے جدید میزائل فراہم کرنے کا فیصلہ فی الحال نہیں کیا گیا۔ سرکاری نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسحوالے سے کسی بھی معاہدے کو خفیہ نہیں رکھا جائے گا۔ امریکا، فرانس اور برطانیہ کے میزائل حملوں کے بعد روس نے کہا تھا کہ وہ شام کو جدید میزائل فراہم کر سکتا ہے۔
ایک روسی سفارت کار کے مطابق اسرائیل نے روس سے اپیل کی ہے کہ وہ شام کو جدید میزائل فراہم نہ کرے۔ روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ امریکا کا شام سے نکلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ امریکا کا شام سے نکلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ لاوروف کے مطابق واشنگٹن شام سے اپنے فوجی دستوں کے انخلا کا عندیہ تو دے چکا ہے لیکن موجودہ حالات میں ایسا ہونا ممکن دکھائی نہیں دے رہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی فرانسیسی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد شامی تناز عے کے حل کے حوالے سے کوئی واضح تصویر سامنے آ سکے گی۔ اس موقع پر لاوروف نے ترقی یافتہ ممالک کے گروپ ’جی سیون‘ کے وزرائے خارجہ کی جانب سے روس پر کی گئی تنقید کو بھی مسترد کر دیا۔