راولپنڈی(این این آئی) سیشن عدالت نے 9سالہ بچی کو اغواء ، زیادتی اور قتل کرنے والے مجرمان کو دو، دو بار سزائے موت سنا دی۔راولپنڈی کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے9سالہ کمسن بچی عائشہ پروین کے اغواء ، زیادتی اور قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان تیمور اور کامران کو 2 ، 2 مرتبہ سزائے موت اور 5 ،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جبکہ دونوں ملزمان پر اغوا ء کے جرم میں عمر قید اور 1 ، 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف راولپنڈی کے علاقہ تھانہ ٹیکسلا میں
بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کا مقدمہ درج تھا۔گزشتہ سال مئی میں راولپنڈی کے علاقے اسماعیل آباد میں عائشہ پروین کو پڑوسی کامران نے اپنے ساتھی تیمور کے ساتھ مل کر اغوا ء اور زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا۔ جرم کے بعد ملزمان واپس اپنے گھروں کو چلے گئے اور مقتولہ کے اہل خانہ کے ساتھ مل کر بچی کو تلاش کرنے لگ گئے۔ اس دوران محلے کے کسی شخص نے راز کھول دیا کہ عائشہ کو محلہ دار کامران ساتھ لے کر گیا۔ جس پر پولیس نے ملزم کو حراست میں لیا تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔