لاہور( این این آئی)چینی فنکار کی وائلن پر پاکستان کے قومی ترانے کی دھن بجانے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ۔چین کی پاکستان سے محبت والہانہ ہے اور اکثر چینی فنکار اس کا ثبوت دیتے ہوئے بھی نظر آتے ہیں ۔حال ہی میں پاکستان میں تعینات چینی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جان ژا نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک 12 سالہ چینی فنکار کی ویڈیو شیئر کی جس میں اسے وائلن پر پاکستانی ترانے کی دھن بجاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس ترانے کی دھن خوبصورت ہے اور ان کی اس سے وابستگی ہے۔ انہوں نے پاک چین دوستی زندہ باد بھی لکھا۔سوشل میڈیا پر چینی فنکار کی ویڈیو وائرل ہونے پر چینی ٹوئٹر صارفین سے لے کر پاکستانی بھی اسے قابل ستائش قرار دے رہے ہیں۔چار روز قبل جاری کردہ اس ویڈیو کو اب تک ہزاروں افراد پسند کرچکے ہیں جبکہ ہزاروں لوگوں نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔