اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے برطانیہ کے ویزے کیلئے درخواست جمع کرادی،مریم نواز اپنے خاوند کیپٹن(ر)صفدر کے ہمراہ نجی کوریئر کمپنی کے دفتر گئیں اور ویزہ درخواست کے ساتھ فنگرپرنٹس بھی دیئے،مریم نواز نے نجی کمپنی کی طرف سے ویزہ کے درخواست گزاروں کیلئے سہولیات کو تسلی بخش اور بہترین قرار دیا۔ جمعرات کو مریم نواز اپنے خاوند کیپٹن(ر)صفدرکے ہمراہ سیکٹر جی نائن میں واقع نجی کوریئر کمپنی کے دفتر گئیں جہاں نجی کوریئر کمپنی کے
جی ایم پروٹوکول نے ان کا استقبال کیا،انہوں نے برطانیہ کے ویزے کیلئے دستاویزات جمع کرائیں، مریم نواز نے دس سال کے ویزے کیلئے درخواست دی جبکہ ان کے ہمراہ 3ملازمین بھی برطانیہ جائیں گے، تینوں ملازمین کے چھ چھ ماہ کے ویزہ کیلئے درخواست جمع کرائی گئی،مریم نواز نے ویزے کیلئے فنگر پرنٹس بھی دیئے۔ اس موقع پر انہوں نے نجی کوریئر کمپنی جیری فیڈکس کی طرف سے ویزہ کے حصول کیلئے آنے والے افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور کئے جانے والے انتظامات کی تعریف کی۔