میلوبر ن (این این آئی)کامن ویلتھ گیمز 2018ء مینز اور ویمنز ہاکی ایونٹس میں پاکستانی ٹیم 5 اپریل کو ویلز کے خلاف مہم کا آغاز کریگی ٗ 7 اپریل کو قومی ٹیم کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ برس ہونے والے میگا گیمز کے مینز اینڈ ویمنز ہاکی ایونٹس 5 اپریل سے 14 اپریل تک کھیلا جائے گا۔
مینز گروپ اے میں دفاعی چمپئن اور پانچ مرتبہ کی چمپئن آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور سکاٹ لینڈ، گروپ بی میں پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ملائیشیا اور ویلز شامل ہیں، ویمنز گروپ اے میں انگلینڈ، بھارت، جنوبی افریقہ، ملائیشیا اور ویلز جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سکاٹ لینڈ، کینیڈا اور گھانا شامل ہیں، 5 اپریل کو مینز ایونٹ کے افتتاحی روز دو میچز کھیلے جائیں گے، پاکستان کو ویلز اور جنوبی افریقہ کو سکاٹ لینڈ کا چیلنج درپیش ہو گا، 6 اپریل کو انگلینڈ کا مقابلہ ملائیشیا اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ کینیڈا سے ہو گا، 7 اپریل کو پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہو گی، ملائیشیا کا مقابلہ ویلز، کینیڈا کا مقابلہ سکاٹ لینڈ اور آسٹریلیا کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہو گا، 8 اپریل کو پاکستانی ٹیم اپنے تیسرے گروپ میچ میں انگلینڈ جبکہ 11 اپریل کو اپنا چوتھا اور آخری گروپ میچ ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی۔13 اپریل کو سیمی فائنلز جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 14 اپریل کو کھیلا جائے گا۔