کرم ایجنسی (سی پی پی ) کرم ایجنسی میں سڑک کنارے بم دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا ، زخمی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ، سیاسی وسماجی رہنماؤں نے دھماکے میں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا ۔ پولیٹیکل حکام کے مطابق کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے مقبل میں سڑک کنارے بارودی مواد نصب کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے 6 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
اپر کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے مقبل سے ایک گاڑی میں سوارایک ہی خاندان کے 7 افراد فاتحہ خوانی کیلئے بوشہرہ جارہے تھے کہ مقبل کے قریب کچے راستے میں بارانی ندی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ اس حوالے سے عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین اور تین مرد شامل ہیں، جن کی شناخت راویس خان، آمین بادشاہ اور بادشاہ خان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی شخص کا نام سیدا جان ہے، جسے طبی امداد کیلئے ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال پاراچنار پہنچا دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمی سیدا جان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اسے طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیٹیکل حکام نے بتایا کہ بارودی مواد کا دھماکا اس وقت ہوا جب مقبل کے علاقے سے ایک گاڑی گزر رہی تھی، دھماکے سے گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیٹیکل حکام کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں، جاں بحق افراد کی لاشوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ زخمی شخص کو بھی فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئیں۔