لاہور ( این این آئی)محکمہ زراعت پنجاب کا جنوبی پنجاب میں وادی کھجور بنانے کا منصوبہ شروع ہو گیا ہے ، اس حوالے سے سینکڑوں ایکڑ پر کھجور کی کاشت کی جائے گی ،اعلیٰ اور معیاری کھجور درآمد کی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق کھجور وادی کے قیام سے پاکستان کھجور کی بڑی مقدار برآمد کر سکے گا۔ پاکستان میں کھجور کی سالانہ پیداوار ساڑھے 5لاکھ ٹن سے تجاوز کر گئی ہے جس سے سالانہ 30کروڑ ڈالر زر مبادلہ حاصل ہوتا ہے ۔ پاکستان میں بہتر انتظامی خدمات اور
دستیاب سہولیات کے باعث برآمدی کھجور کی رقم 20کروڑ ڈالر سے بڑھ کر حالیہ ایک سال میں 30کروڑ ڈالر تک جاپہنچی ہے جس میں مزید اضافہ بھی ممکن ہے ۔کھجور کی برآمد کے سلسلہ میں فی الوقت مناسب سہولیات نہ ہونے سے عالمی معیار کا مقابلہ کرنا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ۔ پاکستان میں پیدا ہونے والی کھجور اپنے بہترین معیار، ذائقے ، لذت کے اعتبار سے دنیا کی اعلیٰ اقسام کی کھجور میں شمار ہوتی ہے لیکن اس کی پیکنگ اور پروسیسنگ کے نظاممیں بہتری کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔