سلوینیا (مانیٹرنگ ڈیسک) 64 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن چوری ہو گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل کرنسی یا کرپٹو کرنسی کی مارکیٹ نائس ہیش کے مطابق اس کے بٹ کوائن والٹ کا مواد چوری کر لیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق سکیورٹی میں نقب کی اس واردات میں 64 ملین امریکی ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
نائس ہیش کے مارکیٹنگ کے سربراہ ’’ آندریج پی سکرابہ‘‘کے مطابق جمعرات کے روز ہونے والی ’’چوری‘‘ جو ماہرانہ سوشل انجینئرنگ کے ساتھ ایک نہایت پیشہ ورانہ واردات تھی جس کے نتیجے میں 4700 بٹ کوائن جن کی مالیت 63.92 ملین ڈالر ہے چوری ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی مقامی انتظامیہ سے تعاون کر رہی ہے تاہم مزید تفصیلات دینے سے انکار کر دیا۔اس سے قبل نائس ہیش نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا تھا کہ
وہ نقب کی واردات کی تفتیش کے سلسلے میں 24 گھنٹوں کیلئے سروس معطل کر رہے ہیں۔ ہیش ٹیگ نے صارفین کو یہ ہدایت بھی دی کہ وہ اپنے پاس ورڈ تبدیل کر دیں کیونکہ وہ سانحے کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ہیش ٹیگ کمپیوٹر پر ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کے بدلے پراسسنگ ٹائم فروخت کرنے والے افراد کو باہم ملانے والی ڈیجیٹل کرنسی مارکیٹ کا مقام ہے۔