اسلام آباد (آئی این پی) چیئر مین پی اے آر سی ڈاکٹر یوسف ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چائنہ نے ہائبرڈ سیڈ چاول کی پیداوار کے لئے مشترکہ طور پر کام کر نے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ دونوں ملک مل کر اپنی برآمدات بڑھا سکیں۔ اس سلسلے میں پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے تحقیقاتی سنٹر ” قومی زرعی تحقیقاتی مرکز “اسلام آباد میں ” ہائبرڈ رائس ٹریننگ کورس 2017 ” کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔
تقریب میں وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق چوہدری ناصر اقبال بوسال نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور ہائبرڈ رائس ٹریننگ کورس 2017 کی تقریب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عام کسان کی بہتری کے لئے نت نئے اقدامات کر رہی ہے تا کہ کسان کو زرعی پیداوار کو بڑھانے کے لئے آسانیاں میسر ہوں ۔ انہوں نے چین کی سپورٹ کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ آف چائنہ کے اقدامات سے پاکستان میں زرعی سیکٹر کو فروغ ملا ہے اور انہی اقدامات کی بدولت پاکستان میں چاول کی پیداوار میں جدید طریقے اپناتے ہوئے اضافہ ممکن ہے۔ڈاکٹر وانگ (کمرشل کونسلر ) چائنہ ایمبیسی نے اس موقع پر خطاب کر تے ہے کہا چین پاکستان میں ہائبرڈ سیڈ چاول کے ذریعے چاول کی پیداوار بڑھانے میں ہرممکن تعاون کر رہا ہے تا کہ پاکستان میں زرعی سیکٹر کی بہتر نشونما ہو سکے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر وانگ نے پی اے آر سی کے سائنسدانوں کی زرعی سیکٹر میں کی جانے والی کاوشوں کو بھی سراہا جن کی بدولت زراعت ایک منافع بخش صنعت میں شامل ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سے بہتر نتائج حاصل کر نے کے لئے زرعی ماہرین کو جدید علم اور نئی ٹیکنالوجی کو کسان تک پہچانا ہو گا۔مسز ژو ڈان ،
نائب صدر یوان لونگ پنگ ہائی ٹیک ایگریکلچر کمپنی لمیٹڈ چائنا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی) اور چائنہ یوآن لونگ پنگ ہائی ٹیک ایگریکلچر کمپنی لمیٹڈ چائنہ نے پاکستان کے چاروں صوبوں پنجاب، خیبرپختونخواہ، سندھ اور بلوچستان میں ایک سفری سیمینار کا پروگرام ترتیب دیا ہے
جس کے ذریعے ہر صوبے کی ہائبرڈ سیڈ چاول کی صحیح ضرورت کا اندازہ لگا یا جا ئے گا تاکہ ہر صوبے کو اس کی ضرورت کے مطابق ہائبرڈ سیڈ چاول کی فراہمی کو یقینی بنایاجا سکے ۔ اس سفری سیمینار میں چین کے زرعی ماہرین کی ٹیم بھی پاکستان کے ہر صوبے کا دورہ کرے گی اور ہائبرڈ سیڈ چاول کی معلومات اور اس کا صوبے کی آب و ہو ا کے لحاظ سے استعمال کی معلومات پر تبادلہ خیال کر ے گی۔
نیز ہر صوبے کے زرعی ماہرین سے مشاورت کی جا ئے گی۔ڈاکٹر یوسف ظفر چیئر مین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل ( پی اے آر سی ) نے ٹریننگ کورس کے شرکاء سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ پاکستان زرعی طور پر زرخیز ملک ہے اور ملک کی آبادی کا انحصار زرعی پیداوار پر ہے ۔ جس کے لئے ضروری ہے زرعی پیداوار کے بڑھانے کے لئے جد ید علم اور نئی ٹیکنالو جی اختیار کیا جائے۔
چین نے جہاں پاکستان میں دوسرے منصوبے شروع کر رکھے ہیں وہیں زراعت میں ہماری چینی بھائی جدید علم اور نئی ٹیکنالوجی کی روشنی میں بھر پور تعاون فراہم کر رہے ہیں جس سے پاکستان میں مختلف زرعی شعبوں میں بے پناہ ترقی ملی ہے ۔ ہائبرڈ سیڈ چاول کی ٹیکنالوجی بھی انہی منصوبوں میں سے ایک ہے جس کے ذریعے پاکستان میں چاول کی پیداوار میں اضافہ ہو گا ۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد انجم علی ممبر پلانٹ سائنسز ڈویژن پی اے آرسی اور ڈاکٹر محمد عظیم ڈائریکٹر جنرل (قومی زرعی تحقیقاتی مرکز) اسلام آباد نے بھی خطاب کیا اور پاکستان اورچین کے مشترکہ زرعی منصوبوں کے حوالے سے روشنی ڈالی نیز چین کی پاکستان میں زرعی سیکٹر کی ترقی میں گہری دلچسپی پر خوشی کا اظہار کیا۔