لاہور (این این آئی )گزشتہ سال کی نسبت امسال قربانی کے جانوروں کی 15سے 30فیصد زائد قیمتیں مانگی جارہی ہیں جوخریداری کا رجحان بڑھنے کیساتھ 50فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے ، عوام کی طرف سے چھوٹے کی بجائے بڑے جانورکے خریداری میں دلچسپی ظاہر کی جارہی ہے ۔منڈیوں کے سروے میں خریداری کیلئے آنے والوں نے بتایا کہ اس بار منڈیوں میں خوبصورت جانور آیا ہے تاہم گزشتہ سال کی نسبت امسال جانوروں کی قیمتیں 15سے 30فیصد زیادہ بتائی جارہی ہیں ۔
خریداری کے لئے آنے والوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 60سے 70ہزار میں اچھا بڑا جانور خریدا گیا ہے جس کی امسال قیمت 85سے ایک لاکھ10ہزار روپے تک مانگی جارہی ہے ۔ بیوپاری ابھی تک بارگیننگ کی طرف بھی نہیں آرہے جس کا مقصد منڈی میں ایک رجحان کو فروغ دینا ہے ۔ مارکیٹ سروے میں عوا م کی طرف سے چھوٹے کی بجائے بڑے جانور کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی جارہی ہے جس سے بکرے، دنبے اور چھترے لانے والے بیوپاری قدرے پریشانی سے دوچار نظر آتے ہیں ۔