تہران(این این آئی) ایرانی فورسز نے ضلع گوادر کے علاقے جیوانی کے نزدیک کھلے سمندر میں موجود 12 پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گرفتار کیے گئے ماہی گیروں کا تعلق جیوانی سے تھا، جو صبح سویرے تین کشتیوں میں سمندر روانہ ہوئے تھے۔ادھرپاکستانی محکمہ فشریز کے حکام کے مطابق تمام 12 ماہی گیر پاکستان کی سمندری حدود میں موجود تھے جب ایرانی سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے کر ان کی کشتیوں کو ضبط کرلیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو چاہ بہار بندرگاہ لے جایا گیا جہاں ایرانی انتظامیہ نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کشتیاں اور دیگر سامان اپنے قبضے میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق قبضے میں لی گئی کشتیاں قمبر علی، سعید احمد اور عرفان علی نامی افراد کی تھیں جو جیوانی کے رہائشی تھے۔واضح رہے کہ یہ واقعہ تہران میں ایران اور پاکستان کے سینئر حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت کے چند روز بعد ہی سامنے آیا ہے۔