راولپنڈی(این این آئی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کہاہے کہ کسی کو سی پیک کے معاہدے اور اس حوالے سے ہماری صلاحیتوں پر شک وشبہ نہیں ہونا چاہیے ٗ کوئی بھی رکاوٹ آئے انشااللہ سی پیک کو کامیاب بنائیں گے۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے سی پیک لاجسٹکس انٹرنیشنل فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے۔
چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ترقی آئیگی، پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں بڑے پیمانے پر بہتری لائیگا لیکن سی پیک کے لیے خطے میں امن واستحکام نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کا ون بیلٹ ون روڈ وژن پوری دنیا کے لیے ہے اور منصویہ پاکستان اور مغربی چین کیلئے گیم چینجر ہے۔پاک فوج کے سربراہ نے کہاکہ فوج اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سی پیک کی سیکیورٹی کیلئے چاق و چوبند ہیں لیکن سی پیک کی کامیابی کیلئے تمام اداروں کو بھرپور تعاون کرنا ہوگا جبکہ بطور قوم ہم اسی موقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی سی پیک کے معاہدے اور اس حوالے سے ہماری صلاحیتوں پر شکوک و شبہات نہیں ہونے چاہئیں۔ عوام کے تعاون سے پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے محفوظ ملک بنا رہے ہیں اور کوئی بھی رکاوٹ آئے انشااللہ سی پیک کو کامیاب بنائیں گے۔آرمی چیف نے کہاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے موجود قوانین اور قواعد بہتر بنانے ہوں گے اور 2030 تک اقتصادی شراکت داری کامیاب کرنا میراخواب ہے جبکہ این ایل سی کوسی پیک سے متعلق ایسے فورم کا انعقاد کرتے رہنا چاہیے۔