حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ حضورؐ نے حضرت عثمانؓ سے ملاقات فرمائی اس حال میں کہ حضرت عثمانؓ مغموم بیٹھے تھے۔ تو آپؐ نے فرمایا اے عثمان کیاحال ہے؟ تو حضرت عثمانؓ نے عرض کیا یا رسول اللہؐ کیا کسی پر ایسا صدمہ گزرا ہے جو مجھ پر گزرا ہے۔ صاحبزادی رسول اللہؐ انتقال کر گئیں جس بناء پر رشتہ سسرالی کا ہمیشہ کے لیے میرے اور آپ کے درمیان سے منقطع ہو گیا۔ اس پر حضورؐ نے
فرمایا! اے عثمان! تم یہ کیا کہتے ہو جبرائیل نے مجھ کو اللہ تعالیٰ کا یہ پیام پہنچایا ہے کہ میں رقیہ کی بہن کلثوم کا نکاح اسی مہر اور اسی طرح تمہارے ساتھ کر دوں۔ چنانچہ حضورؐ نے حضرت رقیہؓ کے انتقال کے بعد حضرت کلثومؓ سے حضرت عثمانؓ کا نکاح کر دیا۔ پھر جب بامر خداوندی حضرت کلثوم کا بھی انتقال ہو گیا تو آپؐ نے فرمایا کہ اگر میری اور لڑکی بھی ہوتی تو میں وہ بھی عثمان کے نکاح میں دے دیتا۔