حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنے ساتھ تین مہمانوں کو لے کر گھر پہنچے اور خود رسالت مآبﷺ کے ساتھ رات کا کھانا تناول فرمانے کے لئے تشریف لے گئے، کاشانہ اقدس ﷺ پر رات کا ایک حصہ گزارنے کے بعد گھر واپس آئے تو اپنی بیوی سے پوچھا۔ مہمانوں کو کھانا کیوں نہیں دیا؟ تمہیں کھانا کھلانے میں کیا چیز مانع ہوئی؟ بیوی نے کہا مہمانوں نے آپ کے بغیر کھانا کھانے سے انکار کر دیا، حضرت
ابوبکرؓ نے فرمایا کہ خدا کی قسم! میں بھی یہ کھانا بالکل نہیں کھاؤں گا۔ پھر جب انہوں نے کھانا مہمانوں کےسامنے پیش کیا اور فرمایا کہ کھاؤ! تو وہ کھانے لگے۔ ان میں سے ایک آدمی نے کہا خدا کی قسم! ہم جو لقمہ بھی اٹھاتے اس کے نیچے سے اور زیادہ نکل آتا تھا یہاں تک کہ ہم سیر ہو گئے اور باقی بچا ہوا کھانا اس کھانے سے زیادہ ہے جو پیش کیا گیا تھا، حضرت ابوبکرؓ اپنی بیوی سے فرمانے لگے یہ کیا ہوا؟ وہ خوشی سے کہنے لگیں۔ واقعی یہ تو پہلے سے تین گنا زیادہ معلوم ہوتا ہے اس کے بعد حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ وہ کھانا رسول اللہﷺ کی خدمت میں لے گئے۔