حضرت ابو ذرؓ جب مدینہ تشریف لائے تو حضرت عثمانؓ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ حضرت عثمانؓ نے ان سے پوچھاکہ اہل شام تمہاری شکایت کرتے ہیں۔ حضرت ابو ذرؓ نے جواب دیا کہ میرے نزدیک مسلمانوں کے مال کو اللہ کامال کہنا مناسب نہیں ہے اور دولت مندوں کے لیے یہ بات مناسب نہیں ہے کہ وہ مال و دولت کو
جمع کریں چنانچہ یہ لوگ میری اس بات سے اختلاف کرتے ہیں۔ حضرت عثمانؓ نے فرمایا اے ابوذرؓ! میرا یہ فرض ہے کہ میں اپنے فرائض کو ادا کروں اور رعایا کے ذمہ جو واجبات ہوں انہیں وصول کروں۔ اس لیے میں انہیں زاہد بننے پر مجبور نہیں کر سکتا۔ البتہ میں انہیں محنت کرنے اور کفایت شعار بننے کی تلقین کر سکتا ہوں۔