ہجرت سے کچھ پہلے اور حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی وفات کے بعد حضرت خولہ بنت حکیم رضی اللہ تعالیٰ عنہا، آنحضورﷺ کا حال معلوم کرنے کی غرض سے حاضر ہوئیں تو آنحضورﷺ کو تنہا پا کر ترسیدہ ہوئیں، عرض کیا یا رسول اللہﷺ! آپﷺ شادی کیوں نہیں کر لیتے؟ آپؐ نے فرمایا، کس سے کروں؟ انہوں نے کہا کہ اگر چاہیں تو کنواری سے فرما لیں اور چاہیں تو خاوند دیدہ سے فرما لیں۔
حضورﷺ نے پوچھا کہ کنواری کون ہے اور خاوند دیدہ کون ہے؟ حضرت خولہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے کہا کہ کنواری تو اس شخص کی بیٹی جو آپﷺ کو ساری مخلوق سے زیادہ محبوب ہے یعنی عائشہ بنت ابی بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہما اور خاوند دیدہ سودۃ بنت زمعتہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ہیں چنانچہ آنحضورﷺ نے کنواری اور خاوند دیدہ دونوں سے شادی فرمائی۔