کابل(آئی این پی)افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے آئندہ موسم گرما تک طالبان کی جانب سے امن عمل کو مسترد کرنے کی صورت میں قطر سے طالبان کا دوحہ میں دفتر بند کرنے کی درخواست کردی ۔افغان میڈیا کے مطابق صدر اشرف غنی نے قطری وزیر خارجہ محمد بن دعبدالرحمان آل ثانی سے کہا ہے کہ اگر طالبان نے آئندہ موسم گرما تک امن عمل کو مسترد کردیا تو دوحہ
میں طالبان کا دفتر بندکردیا جائے ۔اشرف غنی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کو لڑائی روک کر امن عمل میں شامل ہونا چاہیے اور انھیں مواقعے ضائع نہیں کرنے چاہیں۔اگر موسم بہار اور موسم گرما تک طالبان کے رویے میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئی اور تشدد جاری رہا تو پابندیوں پر عمل درآمد کیا جائے گا جس میں طالبان کے دوحہ میں دفتر کی بندش بھی شامل ہے ۔