پیرس(آئی این پی)فرانسیسی صدارتی امیدوار مارین لے پین نے یورپی یونین کو ناکام قرار دیدیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق فرانس کی دائیں بازو کی عوامیت پسند خاتون سیاستدان مارین لے پین نے حسبِ توقع امیگریشن کی پالیسیوں اور یورپی یونین کے خلاف سخت بیانات کے ساتھ اپنی صدارتی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
نیشنل فرنٹ کی چیئر پرسن نے لِیوں میں اپنے تقریبا تین ہزار حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین ایک ناکام اتحاد ہے اور اس نے فرانس کو بے بس کر کے رکھ دیا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق اڑتالیس سالہ لے پین فرانسوا اولانڈ کی جانشینی کے لیے مئی میں ہونے والے انتخابات جیت تو نہیں سکیں گی تاہم وہ اِن انتخابات کے دوسرے مرحلے تک ضرور پہنچ جائیں گی۔دوسری جانب اب تک فیورٹ سمجھے جانے والے قدامت پسند امیدوار فرانسوا فِیوں سرکاری خرچ پر اپنی اہلیہ کو ملازمت دینے کے الزامات کے باعث دبا کا شکار ہیں۔