برلن(این این آئی)کرسمس کے دن جنوبی جرمن شہر آؤگسبرگ سے 54 ہزار افراد کو اپنے گھر چھوڑنے پڑ گئے اس دوران حکام نے دوسری عالمی جنگ کے دوران گرائے گئے ایک بم کو ناکارہ بنادیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دوسری عالمی جنگ کے دوران آؤگسبرگ میں یہ بم برطانوی فوج نے گرایا تھا، جو پھٹا نہیں تھا۔ یہ بم گزشتہ منگل کے دن ایک تعمیراتی سائٹ سے اچانک برآمد ہوا تھا۔ اس بم کا وزن ایک اعشاریہ آٹھ ٹن بتایا گیا ہے۔حکام نے اس بم کو ناکارہ بنانے کے عمل کے دوران احتیاطی طور پر شہر کے چوّن ہزار نفوس کو محفوظ مقامات پر منتقل ہو جانے کی ہدایات کیں۔ ساتھ ہی نو سو کے قریب پولیس اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے،بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ماہرین نے بتایا کہ اس بم کو ناکارہ بنانے کا عمل پانچ گھنٹے طویل تھا۔خیال رہے کہ دوسری عالمی جنگ میں جرمنی پر اتحادی افواج کی جانب سے گرائے گئے بموں میں سے نہ پھٹنے والے درجنوں بم اب بھی ہر سال ملتے رہتے ہیں، جنہیں ناکارہ بنا کر یا کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے ختم کیا جاتا ہے۔