نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں ایک صاحب ثروت کاروباری شخصیت نے بیٹی کی شادی کے لیے مختص ہزاروں ڈالر اپنے علاقے کے غریب اور بے گھر افراد کے لیے مکانات کی تعمیر پر خرچ کر دیے۔ اجے منوت نامی بھارتی تاجر نے بیٹی کی شادی پر تقریبا 93 ہزار امریکی ڈالروں کے مساوی رقم خرچ کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ تاہم منوت نے مذکورہ رقم کو شادی کے اخراجات پر اڑانے کے بجائے اس سے 90 گھر تعمیر کروا دیے۔اجے منوت بھارت کے شہر اورنگ آباد میں کپڑے اور گندم کے ہول سیل تاجر ہیں۔
منوت نے تقریبا دو ایکڑ رقبے پر 90 گھروں کو تعمیر کروایا اور ہر گھر کا رقبہ 240 اسکوائر فٹ ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق منوت نے گھروں کے مستحق ہونے کے واسطے 3 شرطیں رکھی ہیں۔ اس سلسلے میں لازم ہے کہ گھر حاصل کرنے والا غریب ہو ، شہر کے پس ماندہ علاقوں میں رہتا ہو اور کسی قسم کے نشے کا عادی نہ ہو۔صاحب ثروت بھارتی کی بیٹی شِریا نے اپنے والد کے فیصلے کی بھرپور تائید کی۔ اس نے واضح کیا کہ وہ اور اس کا شوہر عنقریب شادی کی رسوم کے اختتام پر مستحق افراد میں گھروں کی چابیاں تقسیم کریں گے۔شِریا کے مطابق اس کے باپ نے مکانوں کی تعمیر کے منصوبے کے ذریعے اسے شادی کا بہترین تحفہ دیا ہے۔