کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ساحل اور وسائل کے دفاع اور حفاظت کیلیے اپوزیشن ہمارے ہاتھ مضبوط کرے۔
گوادر کاشغر اقتصادی راہداری سے متعلق حکومتی اور اپوزیشن ارکان اسمبلی کی مشترکہ قرارداد پر بحث کے دوراب اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ اقتصادی رہداری کے کوئٹہ ژوب ڈیرہ اسماعیل خان روڈ سے متعلق وفاق سے تمام تفصیلات حاصل کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم ملک کی تاریخ میں بہت بڑی پیشرفت ہے جس کے بارے میں ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم میں ہمارا موقف تھا کہ دفاع ، کرنسی، اور خارجہ امور وفاق اور مواصلات صوبوں کے حوالے کیا جائے کیونکہ پورٹ، مواصلات کے زمرے میں آتا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کراچی پورٹ سے متعلق کافی حساس تھی۔ پیپلز پارٹی کی قیادت جن میں نوید قمر، رضا ربانی اور خورشید شاہ جوکہ وفاق کی نمائندگی کررہے تھے انھوں نے ہمارے ساتھ یعنی میں، میر اسرار اﷲ زہری اور آغا شاہد بگٹی کے ساتھ تحریری معاہدہ کیا کہ گوادر پورٹ کو بلوچستان کے حوالے کرنے سے متعلق قانونی سازی کی جائے گی، معاہدے پر دستخط بھی ہوئے لیکن جب اٹھارویں ترمیم کا مرحلہ گذر گیا تو انھوں نے اپنا وعدہ نہیں نبھایا۔ بلوچستان کے عوام کا آج بھی مطالبہ ہے کہ گوادر پورٹ کے اختیارات حکومت بلوچستان کے پاس ہوںاور گوادر پورٹ کے چیئرمین کی تقرری بھی صوبائی حکومت کرے۔