لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے 24مارچ کو رائیونڈ کی طرف مارچ کے اعلان کے بعد (ن) لیگ کے کارکنوںنے ’’ قیادت کے جانثار‘‘ کے نام سے گروپ بنا لیا ، (ن) لیگ سے وابستگی رکھنے الے بلدیاتی نمائندوں اور کارکنوںنے پی ٹی آئی کیخلاف رائیونڈ میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا ، دیگر صوبوں سے بھی لیگی رہنمائوں اور کارکنوںنے لاہور آنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی طرف سے 24مارچ کووزیر اعظم نواز شریف کی رہائشگاہ رائے ونڈ کی طرف سے مارچ اور گھیرائو کے اعلان کے بعد (ن) لیگ کے کارکنوں نے ’’ قیادت کے جانثار ‘‘ کے نام سے گروپ بنا لیاہے ۔ان کارکنوںکا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے پہنچنے سے پہلے رائے ونڈ پہنچیں گے اور اپنی قیادت کے گھر کی حفاظت کریں گے اور اپنی قیادت کی حفاظت کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ علاوہ ازیں (ن) لیگ سے وابستگی رکھنے والے بلدیاتی نمائندوں اور (ن) لیگ کے کارکنوںنے رائے ونڈ میں پی ٹی آئی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور عمران خان کے خلاف اور اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگائے ۔ اس موقع پرشرکاء کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کوکسی صورت بھی مارچ او رقیادت کے گھر کا گھیرائو نہیں کرنے دیں گے۔ پی ٹی آئی اس ملک میں نئی روایت نہ ڈالے ۔ علاوہ ازیں خیبر پختوانخواہ ، بلوچستان اور سندھ سے بھی لیگی رہنمائوں اور کارکنوںنے چوبیس مارچ کولاہور پہنچنے کا اعلان کر دیا ہے ۔