کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شارع فیصل کے گزشتہ پانچ گھنٹوں سے بند ہونے اور لاکھوں لوگوں کے ٹریفک جام میں پھنسے ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو سخت کارروائی کا حکم جاری کیا جس کے نتیجے میں گرفتاریاں کی گئیں اور لاٹھی چارج ہوا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ٹریفک جام کی اطلاعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو حکم دیا تھا کہ کچھ بھی کیا جائے لیکن ہر صورت ٹریفک کی روانی بحال کرائی جائے چاہے اس کے لیے لاٹھی چارج یا گرفتاریاں ہی کرنا پڑیں۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ اپنی سیاسی فرسٹریشن نکالنے کے لیے لوگوں کو تنگ کررہے ہیں،لوگ نوکریوں اور کاموں پر صبح سے نکلے ہوئے ہیں اور ٹریفک جام کے سبب اب تک گھروں کو نہیں پہنچ سکے، اب کوئی بھی فرد ایسا اقدام اٹھائے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے حکم دیا کہ جو کرناہے کیا جائے ٹریفک کی روانی ہرگز بحال کرائی جائے، شارع فیصل بند کرنے والے ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کرکے ٹریفک کی روانی ہر صورت بحال کرائی جائے۔اس حوالے سے مشیر قانون سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ درست ہے، فیصل نے اسٹار گیٹ پر احتجاج کرنے کی اجازت نہیں لی تھی۔