اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان کے رائے ونڈ جانے کے اعلان نے حکومتی ایوانوں میں ہلچل مچا دی۔ تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے24ستمبر کو رائیونڈ جانے کے اعلان کے بعد حکومتی مشینری سرجوڑ کر بیٹھ گئی اور اس نے عمران خان کے اس اعلان سے پیدا ہونے والی امن وامان کی متوقع صورتحال کا جائزہ لیا اس سلسلے میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید کی زیر صدارت بلائے گئے اعلیٰ سطحی اجلاس میں آئی جی پنجاب ہوم سیکرٹری پنجاب سمیت صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ایشو پر بحث اورجائزے کے بعد مویشی منڈیوں میں بھی امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اورڈی سی او سمیت ٹی او آرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مویشی منڈیوں کا دورہ کریں اور انتظامات کا خود جائزہ لیں۔