اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) پاکستان نے خطے میں طاقت کے تواز کو برقرار رکھنے اور امن و محبت کا پرچار کرنے میں ہمیشہ پہل کی ہے۔اقوام عالم کے مابین امن و امان اور محبت کی مثال اسی طرح کا ایک واقعہ ہے جب 23 اکتوبر 2011 ء کو ایک بھارتی جنگی ہیلی کاپٹر پرواز کرتا ہوا 40 کلو میٹر پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا اور اس کا پٹرول ختم ہو گیا تو اسے پاک فوج نے پاکستانی حدود میں نیچے اتار لیا۔ ہیلی کاپٹر پرواز کرتا ہوا گلگت میں اولڈنگ کے مقام پر پہنچ گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں انڈین آرمی کے تین افسران اور ایک فوج سے غیر متعلقہ شخص سوار تھا۔ پاک فوج نے احمد آباد(گلگت) میں بھارتی ہیلی کاپٹر کو نیچے اترنے پر مجبور کیا اور افسران سمیت ہیلی کاپٹر کو حراست میں لے لیا۔ اس وقت ہیلی کاپٹر میں پٹرول ختم ہو چکا تھا اور بھارتی افسران ہیلی کاپٹر سمیت پاکستانی علاقے میں محصور ہو گیا تھا، عقدہ کھلنے پر پاک فوج نے امن و امان اور محبت کو فروغ دینے کیلئے بھارتی ہیلی کاپٹر کو بڑی مقدار میں پٹرول فراہم کیا اور بھارتی ہیلی کاپٹر کو افسران سمیت واپس جانے کی اجازت دے دی تھی۔