کوئٹہ ( این این آئی ) بلوچستان سے کمسن بچوں کو اغوا کرکے افغانستان لے جانے والے گروہ کا انکشاف چاغی سے اغوا ہونے والا بچہ کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی سے بازیاب اغوا کار اور دیگر پانچ سہولت کاروں کو ایف سی نے گرفتار کرلیا اس بات کا انکشاف فرنٹئیر کور چلتن رائفل کے کرنل توصیف شہزاد نے پیر کو ایف سی مددگار سینٹر کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران کیاکرنل توصیف شہزاد نے بتایا کہ دوروز قبل ہزار گنجی میں ایک مشکوک شخص کو ایف سی اہلکاروں نے روکا جس کے ساتھ ایک بچہ تھا جب اس سے بچے کے بارے میں معلوم کیا گیا تو مناسب جواب نہ دے سکا جب اس شخص سے تفتیش کی گئی تو معلوم ہوا کے اس شخص نے سید نبی نامی بچے کو چاغی سے ایک ہفتہ قبل اغوا کیا ہے اور کوئٹہ لاکر افغانستان لے جارہا ہے جہاں اس بچے کودہشتگردی کی واردات میں استعمال کرنا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ اغوا کار کی نشاندی پر اس کے مزید پانچ ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے،کرنل توصیف کا کہنا تھاکہ اس گروہ کے سرغنہ کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ یہ بھی تحقیقات کررہے ہیں کہ اغوا کئے گئے بچے افغانستان میں کس گروہ کے حوالے کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ گروہ اس سے قبل چھ بچوں کو بلوچستان سے اغوا کرکے افغانستان منتقل کر چکا ہے جس کے انہیں چھ چھ لاکھ روپے ملتے تھے ۔