جدہ (این این آئی)تمام فورسز کو ہائی الرٹ کردیاگیا۔ اگر کوئی حجاج کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ بننے کی کوشش کرے گا تو اس سے آہنی ہاتھ کے ذریعے نمٹا جائے گا،سعودی عرب کا اعلان،حج سیزن کے آغاز سے چند روز قبل حج کے انتظامات میں شریک سکیورٹی فورسز کی قیادت کی جانب سے رواں سال کے لیے سکیورٹی پلان کو زیربحث لایا گیا۔ منصوبے میں حجاج کی جامع سکیورٹی کو یقینی بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفظ ما تقدم منصوبوں کا سہارا لینے کے ساتھ ساتھ ہجوم کو منتظم کرنے کی کارروائی آسان بنانے پر زور دیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق مناسک حج کے آغاز سے تقریبا تین ہفتے پہلے جدہ میں حج سکیورٹی فورسز کی قیادت کے اجلاس میں زور دیا گیا کہ تمام تر خطرات کا مقابلہ ترتیب دیے گئے احتیاطی پلانوں کے ذریعے کیا جائے۔ اس کے علاوہ لوگوں کے اژدہام کے انتظام اور حجاج کی سلامتی کویقینی بنانے کے لیے خصوصی پلان وضع کیے جائیں۔اجلاس کے دوران سکیورٹی فورسز کی قیادت نے اس بات پر توجہ مرکوز رکھی کہ حج سیزن میں امن و امان اور حجاج کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔ حجاج کے استقبال ، ان کی سلامتی اور اپنے ملکوں کو واپسی تک سکیورٹی پلانوں کے ذریعے تمام فورسز کو ہائی الرٹ رکھا جاتا ہے۔ اگر کوئی حجاج کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ بننے کی کوشش کرے گا تو اس سے آہنی ہاتھ کے ذریعے نمٹا جائے گا۔