یروشلم (این این آئی) فلسطین کے شہر نابلوس میں شرپسند عناصر نے پانچ مساجد کے لاؤڈسپیکروں سے اذان کی بجائے مصری گلوگارہ ام کلثوم کا گانا چلادیا،میڈیارپورٹس کے مطابق جن مساجد سے اذان فجر کی بجائے گانا نشر ہوا وہ شہر کے مغربی حصے میں واقع ہیں۔ مساجد کے لاؤڈسپیکروں پر گانے کی آواز سن کر شہری ہکا بکا رہ گئے اور متعدد لوگوں نے مسجدوں میں پہنچ کر معاملے کی حقیقت جاننے کی کوشش کی۔فلسطینی وزارت مذہبی امور کا کہناتھا کہ ان تمام مساجد میں اذان کا اہتمام مرکزی مسجد حج نمر سے کیا جاتا ہے۔ مساجد کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کسی شرپسند شخص نے ریڈیو ٹرانسمیشن کے نظام میں مداخلت کرکے اذان کے وقت گانا چلادیا۔ واقع پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، جبکہ وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی کمیٹی بنادی گئی ہے۔