اسلام آباد (این این آئی)آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو ظلم اور مصائب کی طویل اندھیری رات سے نکالنے میں مدد کر نا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے ۔ آزاد جموں و کشمیر کے 27 ویں صدر کی حیثیت سے منتخب ہونے کے بعد منگل کو اپنے ایک مختصر بیان میں انہوں نے کہا کہ ’’میں خوش ہوں اور افسردہ بھی ہوں‘‘، یہ ایک خوشی کا لمحہ ہے کیونکہ آزاد کشمیر کے عوام ٗ اے جے کی قانون ساز اسمبلی اور اے جے کے کونسل نے مجھ پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، میں ان سب کا مشکور ہوں۔ مسعود خان نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ میں افسردہ بھی ہوں کیونکہ کشمیریوں کو ابھی تک ان کی آزادی نہیں ملی بلکہ انہیں بے رحم بھارتی استبدادی ہاتھوں نے کچلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان کے عوام کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو ظلم اور مصائب کی اس طویل اور اندھیری رات سے نکالنے میں مدد کریں۔