لاہور ( این این آئی) وزیراعلیٰ و چےئرمین اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دیارغیر میں لاکھوں کی تعدادمیں رہنے والے پاکستانی وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیں اوران کے مسائل کے حل کیلئے قائم کیے گئے ادارے ’’اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب ‘‘کی کارکردگی لائق تحسین ہے، پنجاب سے شروع کیے گئے اس کار خیر کو پورے ملک تک بڑھانے کی ضرورت ہے ، اوورسیزپاکستانیز کے مسائل کے حل کے لئے جس جذبے اورمحنت کے ساتھ یہ ادارہ کام کررہا ہے اگرملک کے تمام ادارے اسی جذبے اورلگن کے ساتھ کام کرنے کا عہد کرلیں اورپوری قوم یکجان دوقالب ہوکرفیصلہ کرلے تویقیناًملک کے حالات سالوں میں نہیں بلکہ ہفتوں میں بدل جائیں گے اورپاکستان کو درپیش تمام چیلنجز اورمسائل حل ہوجائیں گے،وزیراعلیٰ نے ان اضلاع میں ون ونڈو سٹیشن قائم کرنے کا اعلان کیاجن اضلاع سے زیادہ لوگ دیار غیر میں قیام پذیر ہیں ، ون ونڈوسٹیشن میں مختلف اداروں کے ڈیسک بنائے جائیں گے جہاں ایک ہی چھت تلے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل ہوں گے، اس مقصد کیلئے ہر قسم کے وسائل فراہم کیے جائیں گے جبکہ عدالت عالیہ سے بات کر کے اوورسیزپاکستانیوں کے کیسوں کے حوالے سے علیحدہ عدالتیں بنانے کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ایوان وزیراعلیٰ میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی پہلی سالگرہ اور جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان ،ملک ندیم کامران ،چوہدری شیر علی ،حمیدہ وحید الدین،وائس چےئرمین اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب، کیپٹن(ر) خالد شاہین بٹ،کمشنر افضال بھٹی ،پنجاب حکومت کے اعلی حکام اور دیار غیر میں بسنے والے عظیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج انتہائی اہم دن ہے جب ہم قومی معیشت کی مضبوطی میں کردارادا کرنے والے عظیم پاکستانیوں کے ادارے اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب کی پہلی سالگرہ منا رہے ہیں ۔14اگست کو قوم نے اپنا70یوم آزادی نہایت سنجیدگی اورسادگی سے منایا۔میں تقریب میں موجود اوورسیز پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں ۔ہم آج ایک ایسے ادارے کی سالگرہ منانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں جودیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے بغیر کسی سفارش اورکرپشن کے کام کررہا ہے۔ادارے نے اب تک ہزاروں اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل حل کر کے انہیں ریلیف فراہم کیا ہے جس پر میں ادارے کی پوری ٹیم اور اس ضمن میں تعاون کرنے والے پنجاب کے دیگر اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ اداکرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ ہو یا امریکہ یاناروے یا کوئی اورملک دنیا میں سو فیصد کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں۔تاہم ان ممالک میں قانون کی حکمرانی ہوتی ہے اور کسی بھی غلط کام پرقانون ایسا حرکت میں آتا ہے کہ کسی کو معاملے پر اثر انداز ہونے کی ہمت نہیں ہوتی اورنظام اپنا راستہ خود بناتا ہے ۔ اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب نے بھی اسی طرز پر کام کرکے ایک اعلی مثال قائم کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600میگاواٹ کے گیس کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے دن رات کام جاری ہے اور یہ منصوبے معیار اورشفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آٹھ برس قبل اسی گنجائش کا گدو گیس پاور پراجیکٹ نو لاکھ ڈالر فی میگاواٹ پرلگایا گیاجبکہ آج پنجاب میں اسی نوعیت کے گیس پاور پلانٹ وزیراعظم نوازشریف کی حکومت میں ساڑھے چارلاکھ ڈالرفی میگاواٹ کے حساب سے لگائے جارہے ہیں اوران منصوبو ں میں غریب قوم کے 120ارب روپے بچائے گئے ہیں۔امریکن توانائی کمپنی کے چےئرمین نے پاکستان کے دورے کے دوران وزیراعظم نوازشریف کو بتایاکہ ان کے دورحکومت میں لگنے والے گیس پاور پلانٹ میں شفافیت کا اتنا اعلی طریقہ اپنایا گیا ہے کہ مشرق وسطی کے ممالک کہہ رہے ہیں کہ ان کے ممالک میں بھی پاکستانی نرخوں کے مطابق گیس پاور پلانٹ لگائے جائیں۔پنجاب میں لگنے والے 3600 میگاواٹ گیس پاور پلانٹ کے منصوبوں پر برق رفتاری سے کام کیا جارہا ہے اورگزشتہ سال شروع کیے گئے بھکی پاور پلانٹ کے پہلے فیز سے آئندہ سال مارچ میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ قوموں کی تقدیر بدلنے کا یہی طریقہ ہے۔وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ایک ٹیم کے طورپر توانائی کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے اور ٹیم ورک کی یہ ایک اعلی مثال ہے ۔اسی طرح اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب نے بھی ٹیم ورک کا اعلی معیار قائم کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو آج کئی مسائل کا سامنا ہے اور یہ مسائل ہمارے اپنے پیداکردہ ہیں۔ہمیں اجتماعی بصیرت اورکاوشوں سے ملک کو مسائل کے چنگل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرناہے۔کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں اگر قوم ملک کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کرلے اور محنت ،امانت اوردیانت کوشعار بنا نے کا عزم کرلے تو منزل کے حصول میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی مزید 7،8سال تک وفاکرتی تو یقیناًپاکستان بھارت سے آگے ہوتا اوریہ مسائل کے گرداب میں نہ پھنسا ہوتا ۔بدقسمتی سے قائد اعظم اس دنیا ئے فانی سے رخصت ہوگئے اورقوم آج تک نئے قائدؒ کی تلاش میں ہے ۔ایمانداری ،سچائی اورخلوص نیت سے عوام کی خدمت کرنے والی قیادت کو عوام ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔تقاریر،نعروں اوراشعار پڑھنے سے قوموں کی حالت نہیں بدلتی بلکہ میدان عمل میں آنے سے ہی مقاصد حاصل ہوتے ہیں اورچیلنجز اورمسائل سے نجات ملتی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن قائم کرکے اس جانب قدم اٹھایا ہے اوراب اس کامیاب ماڈل کو تیزی سے آگے بڑھانا ہے ۔طویل سفر ہے اس میں چیلنجز اورمشکلات آئیں گی لیکن ہم نے ہر صورت اس سفر کو طے کرنا ہے ۔ادارے کے کام میں لالچ،حرص اورخوف جیسی رکاوٹیں بھی آسکتی ہیں لیکن ادارے کو ان بیڑیوں کو توڑ کر آ گے بڑھنا ہے اورسمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردارادا کرنا ہے ۔میں اس ادارے کے قیام کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ،چیف سیکرٹری پنجاب ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،وائس چےئرمین کیپٹن (ر) خالد شاہین بٹ،کمشنر افضال بھٹی اورپوری ٹیم کی کاوشوں پر ان کا شکریہ اداکرتا ہوں ۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ،عدالت عالیہ سے اوورسیزپاکستانیز کے مقدمات کے فوری فیصلوں کیلئے علیحدہ عدالتوں کے قیام کیلئے رابطہ کریں کیونکہ اس سے بڑا کوئی کارخیر ہونہیں سکتا۔آج جن اوورسیز پاکستانیوں نے اظہار خیال کیا ہے مجھے ان کے خیالات سن کرخوشی ہوئی ہے کہ ان کے ڈوبی ہوئی رقوم انہیں واپس ملی اورانہیں گھروں کے قبضے بھی دےئے گئے ہیں ۔وائس چےئرمین کیپٹن(ر) خالد شاہین بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ذہن کی اختراع اور کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔میرٹ اور شفافیت اس ادارے کا نصب العین ہے۔کمشنر افضال بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ اب تک ادارے کو چار ہزار کے قریب شکایات موصول ہوئیں جن میں سے دو ہزار شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے ۔ادارے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کیا جارہا ہے اور تمام اضلاع میں کمیٹیاں پوری طرح متحرک ہورکر کام کررہی ہیں۔سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی پورے ملک میں تحسین کی جارہی ہے اور آزاد کشمیر حکومت کی درخواست پر وہاں ایسے ادارے کے قیام کیلئے بھر پور تعاون فراہم کیا گیا ہے ۔بیرون ممالک بسنے والے پاکستانی خواہ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو سب اس ادارے کی کارکردگی کے معترف ہیں ۔وزیراعلیٰ نے تقریب کے اختتام پر اوورسیزپاکستانیزکمیشن پنجاب کے ممبران ،پنجاب حکومت کے افسران اوربہترین کارکردگی دیکھانے والے پانچ اضلاع کی کمیٹیوں کے سربراہان میں تعریفی شیلڈز اوراسناد تقسیم کیں۔