اسلام آباد(آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے (آج ) منگل کو وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کیلئے ریفرنس سپیکر چیمبر میں دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد سیاسی و مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلا کر حکومت کے خلاف احتجاج یکجا کرنے کا پلان بنائیں گے، پش اپس کی سیاست کرنے والے کاکول میں تربیت کے خواہش مند ہیں ، میرے پاس گوجرانوالہ والا پیٹ ہے، میں پش اپس نہیں لگا سکتا ۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ آج سیاست کے مصروف ترین دن تھا ، چائے صبح ناشتہ کراچی کے علماء ساتھ کیا۔ لنچ طاہر القادری کے ساتھ کیا اور سہر پہر عمران خان کے ساتھ پی ، ڈنر پیپلز پارٹی کے ساتھ کروں گا۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن اور عدالتوں سمیت ہر جگہ لٹیرے حکمرانوں کے خلاف لڑیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ (آج ) منگل کو عوامی مسلم لیگ کی طرف سے بھی اسپیکر چیمبر میں وزیر اعظم کے خلاف نا اہلی کا ریفرنس دائر کریں گے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس بلا رہے ہیں جس میں اپوزیشن کی تما م سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذہبی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی ۔ مشترکہ احتجاج کے لئے سب کو یکجا کر رہے ہیں۔ سڑکوں اور چوکوں پر بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے، شروع میں ب تک سب الگ ہوں گے لیکن آخر پر سب اکھٹے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی دور کی نظر کمزور ہے۔ اس وجہ سے انہیں عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف کی تاریخی ریلیاں چھوٹی سی لگیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پش اپس صرف پیپلز پارٹی والے لگا سکتے ہیں ۔ میرا گوجرانوالے والا پیٹ ہے۔میں پش اپس نہیں لگا سکتا۔( ار + ح ب)