ماسکو(این این آئی)روس میں ایک تئیس سالہ نوجوان نے گیارہ بچوں کی ماں سے شادی رچا لی ،روسی خبررساں ادارے کے مطابق ایوجینی گولوشکوف اور اس کی بیوی تاتیانا پولوسکینا ایک فیکٹری میں اکٹھے کام کرتے تھے، جہاں گولوشکوف اپنی ساتھی ورکر پولوسکینا کو پہلی بار دیکھتے ہی دل ہار بیٹھا تھا۔ بالآخر ایک دن ہمت کرکے اس نے اپنے جذبات کا اظہار کردیا، مگر خاتون کے جواب نے اسے پریشان کردیا۔ پولو سکینا نے بتایا کہ وہ بچوں والی ہے اور اس کے خاوند کی وفات ہوچکی ہے، جس کے بعد وہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال پر توجہ دینا چاہتی ہے۔گولوشکوف کا کہنا تھا کہ اس جواب کے باوجود اس نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی محبت کا اظہار کرتا رہا، جس پر بالآخر پولوسکینا کا دل بھی پگھل گیا۔ کچھ عرصے بعد ہی دونوں نے شادی کرلی، اور چونکہ پولوسکینا پہلے ہی 11بچوں کی ماں تھی لہذا شادی ہوتے ہی 23 سالہ گولوشکوف بھی 11 بچوں کا باپ بن گیا۔اچانک 11 بچوں کا باپ بننے والے گولوشکوف اور اس کی اہلیہ پولوسکینا کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال مزید بچوں کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے کیونکہ ان کے پاس پہلے ہی کافی زیادہ بچے موجود ہیں