برلن(این این آئی)جرمنی میں حالیہ پْر تشدد حملوں کے تناظر میں چانسلر میرکل نے سلامتی کو مزید یقینی بنانے کے لیے ایک نو نکاتی پلان کا اعلان کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ان مجوزہ اقدامات میں پناہ کی درخواست دینے والوں کو جبراً واپس بھیجنے کے لیے موجود قانونی رکاوٹیں کم کرنا، تارکین وطن میں بڑھتی انتہا پسندی سے خبردار کرنے کے ایک پیشگی نظام کا اجراء اور بڑے دہشت پسندانہ حملوں کی صورت میں جرمن فوج کو بھی ملک کے اندر سرگرم کرنا شامل ہیں۔میرکل نے جمعرات کو برلن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک میں سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس موقع پر میرکل نے یہ بات بھی زور دے کر کہی کہ حالیہ حملوں کے بعد بھی جرمنی پناہ کے متلاشیوں کو خوش آمدید کہنے کی پالیسی تبدیل نہیں کرے گا۔