بیجنگ(این این آئی)چین اور روس ستمبر کے مہینے میں بحیرہ جنوبی چین میں مشترکہ فوجی مشقیں کریں گے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات چینی وزارتِ دفاع کی جانب سے بتائی گئی ہے۔ چینی وزارتِ دفاع کے مطابق ان مشقوں کا مقصد دونوں ملکوں کے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے اور یہ کہ کوئی اور ملک ان مشقوں کا ہدف ہرگز نہیں ہے۔ ان مشقوں کا اعلان ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے، جب حال ہی میں دی ہیگ کی ایک بین الاقوامی ثالثی عدالت بحیرہ جنوبی چین کے اَسّی فیصد علاقے پر چینی ملکیت کے دعووں کو رَد کر چکی ہے۔ واضح رہے کہ چین اس عدالتی فیصلے کو رَد کر چکا ہے جس کے بعد عالمی سطح پر دو بڑے گروپوں کی پوزیشن واضح ہوتی نظر آرہی ہے جن میں ایک جانب یورپ اور امریکہ اوردوسری جانب چین اور روس کھڑے نظر آرہے ہیں۔