لندن(این این آئی)برطانیہ کے نئے وزیرڈیوڈ ڈیوس نے کہاہے کہ بریگزٹ کے بعد چند یورپی شہریوں کو برطانیہ سے نکالا جا سکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے بیان میں ڈیوس نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ برطانیہ میں یورپی یونین کے شہریوں کو کھلے دل کے ساتھ اور یورپی یونین میں برطانوی شہریوں کو کھلے دل کے ساتھ رہنے کی اجازت دی جانا چاہیے، تاہم ان کے نزدیک بعض یورپی شہری بریگزٹ کے بعد برطانیہ سے نکال دیے جائیں گے۔انہوں نے ان تجاویز کو مسترد کیا کہ برطانیہ میں موجود قریب تین ملین یورپی شہری بریگزٹ کی صورت میں برطانیہ سے نکال دیے جائیں گے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں برطانوی حکومت ایک خاص ضابطہ اور ڈیڈلائن نافذ کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم یہ کہیں گے کہ یورپی شہریوں کی برطانیہ میں سکونت کا حق ایک خاص تاریخ تک ہی ہو گا۔ مگر ظاہر ہے آپ کو یہ فیصلے افوہوں نہیں بلکہ حقیقت کو مدنظر رکھ کر کرنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بریگزٹ کی صورت میں یورپی شہریوں کی برطانیہ میں مستقل سکونت کے حق کی ضمانت نہیں دی جا سکے گی۔